بھارتی پرچم کے ساتھ تصویر پر شاہد آفریدی کی وضاحت

17

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بھارتی تماشائی کی ان کے جھنڈے کے ساتھ لی گئی تصویر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹرز امن کے سفیر ہوتے ہیں اور بھارتی جھنڈے کے ساتھ تصویر کا مقصد صرف یہ تھا کہ اس بھارتی تماشائی کی اچھی تصویر آ سکے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سوئٹزرلینڈ میں برف پر کھیلے گئی نمائشی میچ کی سیریز کے دوران شاہد آفریدی کی بھارتی پرچم کے ہمراہ تماشائی کے ساتھ لی گئی تصویر کو بھارت بھر میں بہت سراہا گیا تھا لیکن وہیں دوسری جانب پاکستان میں چند تنگ نظر حضرات کو ان کا انداز نہیں بھایا۔

شاہد آفریدی نے بھارتی پرچم کے ہمراہ تماشائی کے ساتھ لی گئی تصویر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دوسری قوموں کے پرچم کا بھی احترام کرنا چاہیے، یہی وجہ تھی کہ میں بھارتی تماشائی سے پرچم کو صحیح طریقے سے پکڑنے کا کہا اور میں یہ بھی چاہتا تھا کہ اس کی تصویر اچھی آئے۔

انہوں نے یہ بات پیر کو نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے مائیکروسافٹ پاکستان کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے دستخط کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات کے سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے کرکٹرز تعلقات میں بہتری کیلئے کرکٹ کھیلتے ہیں۔ ہم امن کے سفیر ہیں اور دنیا بھر میں محبت اور امن پھیلانا چاہتے ہیں۔ ہم سب آپس میں اچھے دوست ہیں اور آئس کرکٹ میں ہمارا بہت اچھا وقت گزرا۔

قومی ٹیم کی دورہ نیوزی لینڈ میں کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ دورے کیلئے تیاری نہ کرنے کو ٹیم کی ون ڈے کرکٹ میں ناکامی کی وجہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ہم نے محض ایک دن کیمپ میں ٹریننگ کی، آخر ہم نیوزی لینڈ جا رہے تھے یا دبئی؟۔ جب بھی ہم مشکل دوروں پر جاتے ہیں تو ہمیں زیادہ سے زیادہ پریکٹس کرنی چاہیے کیونکہ میچز جیتنے کیلئے پریکٹس، فٹنس اور صلاحیت ہی معنی رکھتی ہے۔

Comments

Loading...