مذہبی اسکالر، ٹی وی میزبان اور ایم این اے ڈاکٹر عامر لیاقت آج اپنی دوسری اہلیہ طوبیٰ عامر کے ہمراہ سما کے مارننگ شو’’ صبح سویرے سما کے ساتھ‘‘ کے مہمان بنے۔ نئے نویلے جوڑے نے کھل کردل کی باتیں کی۔ یہ انکشاف بھی کیا کہ رخصتی کی تقریب ہوئی تھی، ولیمہ کا انعقاد وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کیا جائے گا۔ عامرلیاقت نے یہ عندیہ بھی دیا کہ طوبیٰ شوبز کی چکاچوند کا حصہ بنیں گی۔

عامر لیاقت سے ہی شادی کیوں کی؟ اس سوال کے جواب میں طوبیٰ نے بتایا کہ ان سے 5 سال پرانی دوستی تھی، ہم ایک دوسرے سے کچھ نہیں چھپاتے اور ایک دوسرے پر اعتماد کرتے ہیں۔ اس بات سےڈر لگتا ہے کہ یہ کہیں مجھ سے ناراض نہ ہوجائیں۔ عامرلیاقت مداخلت کرتے ہوئے بولے کہ اگرمیں تکلیف میں ہوتاہوں تو طوبیٰ روپڑتی ہے۔

طوبی نے راز کھولا کہ وہ عامر لیاقت کو ’’پینتھر‘‘ کیوں کہتی ہیں۔ بولیں کہ ان کے جیسی طاقت کسی کے پاس نہیں ، یہ تھکے بغیر33،33 گھنٹے بھی کام کرلیتے ہیں۔ عامر لیاقت نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ان کی اہلیہ طوبیٰ عامرمستقبل میں فلموں میں بھی کام کریں گی۔ بولے آپ دیکھیں میں نے انڈسٹری کو کتنا خوبصورت چہرہ دیا ہے۔

ایک موقع پرعامر لیاقت نے کہا کہ مجھے گلٹ محسوس ہوتا ہے کہ طوبیٰ کو اب تک منہ دکھائی دی نہ ہی گھر دے سکا۔ پاکستان فلم انڈسٹڑی کے مشہور نغمے ’’سونا نہ چاندی نہ کوئی محل جان من تجھ کو میں دے سکوں گا‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بولے چھوٹا سا گھر تجھ کو دوں گا، دکھ سکھ کا ساتھی بنوں گا۔ حاضرین کی فرمائش پر عامر لیاقت نے یہ گانا گایا اور طوبیٰ سے گاتے ہوئے ہی ’’خدادداکالونی‘‘ میں گھردینے کا وعدہ کرڈالا۔

طوبیٰ اس بات کے جواب میں بولیں کہ زندگی میں اچھا ساتھی ملنا ہی سب سے بڑی بات ہے۔

چھپ کرنکاح کرنے سے متعلق سوال پر طوبیٰ عامر نے کہا کہ تمام احباب ہمارے نکاح سے باخبرتھے۔ ایک ٹی وی چینل نے الیکشن کے دنوں میں عامر کی انتخابی مہم پر اثرانداز ہونے کے لیے اس خبر کو چٹپٹا بنا کر پیش کیا۔ حالانکہ اس وقت رخصتی نہیں ہوئی تھی جو ہم اس خبر کو عام کرتے۔

شادی کے پروپوزل سے متعلق سوال پرعامرلیاقت نے انکشاف کیا کہ میں نےطوبیٰ سے پوچھا تھا یہ خاموش ہوگئیں تو میں نے گھٹنوں کے بل جھک کر انہیں گلاب کا پھول پیش کیا۔ یہ گھبرا گئیں پھران کے گھرجا کروالدہ سے بات کی۔ ان کی والدہ نے مجھ سے کہا کہ آپ کی جگہ کوئی اور ہوتا تو میں اپنی بچی کا رشتہ نہ دیتی لیکن ہمیں یقین ہے کہ آپ ہماری بچی کو خوش رکھیں گے۔

عامر لیاقت نے کہا کہ لوگوں نے ہماری رخصتی کو ولیمہ کہہ دیا حالانکہ ہمارے ولیمے کا اہتمام تو خان صاحب (وزیراعظم عمران خان ) کریں گے۔ انہیں ہماری شادی کی بہت خوشی ہے۔ رخصتی میں گنے چنے مہمان بلائے تھے کیونکہ پیسے نہیں تھے۔

عمروں کے فرق سے متعلق سوال پرعامرلیاقت جواب گول کرتے ہوئے بولے کہ یہ اتنا ہی ہے جتنا ایک سہیلی کا سہیلی کے ساتھ ہوتا ہے۔ طوبیٰ بھی ان کاساتھ دینے کو بولیں کہ عمر توبس اعدادوشمار کی بات ہے۔

طوبیٰ عامر نے بتایا کہ شادی کے بعد عامرلیاقت کے پرانے گھر میں رہتی ہوں اور یہ میری نصیبی ہے کہ میں وہاں رہتی ہوں جہاں یہ پیدا ہوئے۔ عامر میرا بہت خیال رکھتے ہیں ۔عامر لیاقت نے لقمہ دیا کہ ہاں کل رات کو ہی چکن کارن سوپ بنا کر پلایا تھا۔

دوسری شادی پر پہلی اہلیہ اور بچوں کی جانب سے ناراضی کے اظہار سے متعلق عامر لیاقت نے کہا کہ میں پہلی بیوی اور بچوں کے بھی ساتھ ہوں، ان کو عزت دے رہا ہوں ،ان کی کفالت میری ذمہ داری ہے۔ یہ لوگ ہیں جو جھگڑا کروا رہے ہیں ورنہ پہلاگھر بھی درست ہے اور دوسرا بھی۔عامر لیاقت نے چٹکلہ چھوڑا کہ مجھے کسی نے کہا کہ اتنی اچھی بیوی ہے ٹی وی پر کیوں لاتے ہو، میں نے جواب دیا کہ بیوی ہے گاڑی نہیں جو کپڑا ڈال کر رکھوں۔

نئے نویلے جوڑے سے پوچھا گیا کہ بیٹے لئے خواہشمند ہیں یا بیٹی کے جس پرعامر لیاقت بولے کہ بیٹی کی خواہش ہے جس کا نام عائشہ رکھیں گے۔ اگر بیٹا ہوا تو رسول اللہ کے نام پر اس کا پہلا نام رکھیں گے۔

پروگرام میں شریک ماہرعلم نجوم راجا بھائی سے پوچھا گیا کہ عامر لیاقت تیسری شادی کریں گے یا نہیں؟ جواب ملا 2019 میں عامر لیاقت کی زندگی کا عروج ہوگا، 21 جنوری کے بعد ان کی پوری زندگی تبدیل ہوجائے گی اور ساتھ بیٹھی طوبیٰ عامر کے باعث انہوں نے تیسری شادی سے توبہ کرلی ہے۔ طوبیٰ کے ستارے عامر لیاقت پرحاوی ہیں اور انہی کا رعب ہوگا۔راجا بھائی نے 2019 کی آخری سہہ ماہی میں عامر لیاقت کے گھر ننھی پری کی آمد کی بھی پیشگوئی کی۔

اپنی بیٹی دعا عامر کی جانب سے ٹوئٹر پر مخلتف پیغامات جاری کیے جانے کے حوالے سے عامر لیاقت نے کہا کہ طوبیٰ ایسی باتوں کو درگزر کرتی ہیں۔ بچے ٹوئٹرپر خود نہیں آتے۔ ایسے پیغامات سے ن لیگ والوں سمیت دوسرے لوگ انجوائے کرتے ہیں۔