متحدہ عرب امارات میں بدھ کے روز اعلان کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی (وام) نے امارات کی وزارت صحت کے بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ متاثرہ افراد کی حالت مستحکم ہے اور ان کو طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق متاثرہ افراد کا تعلق ایک ہی گھرانے سے ہے جو چین کے شہر ووہان سے آیا ہے۔

وزارت صحت نے باور کرایا ہے کہ ملک میں صحت سے متعلق تنظیموں اور متعلقہ اداروں کی رابطہ کاری سے عالمی ادارہ صحت کے ہدایت کردہ معیار کے مطابق مطلوبہ احتیاطی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ چین کے حکام نے آج بدھ کے روز اعلان میں بتایا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 5974 ہو چکی ہے ،،، جب کہ وائرس سے اب تک 132 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

چین کے شہر ووہان میں نمودار ہونے والا کورونا وائرس متعدی وبا کے طور پر انسانوں کے درمیان منتقل ہو رہا ہے۔

العربیہ