برمنگھم: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ ڈیمز کی تعمیر کے لیے بچوں سے لے کر بڑوں تک کا جذبہ ایسا ہے جو 1965 کی جنگ میں نظر آیا تھا۔

برمنگھم میں جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ جیو نیوز پر مانچسٹر سے نشر ہونے والی ڈیم فنڈ لائیو ٹیلی تھون بہت کامیاب رہی ہے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ڈیمز کی تعمیر کے لیے بچوں سے لے کر بوڑھوں تک سب پاکستانی پُرجوش ہیں، یہ کوئی عام صورت حال نہیں بلکہ باقاعدہ مہم بن گئی ہے ایسا جذبہ شاید 65 کی جنگ میں نظر آیا تھا۔

چیف جسٹس نے پاکستان کی آبادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آبادی پر قابو پانے اور منصوبہ بندی سے متعلق سپریم کورٹ میں 12 یا 13 دسمبر کو کانفرنس ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آبادی پر قابو پانے اور منصوبہ بندی کے لیے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے جس میں ملک کے بڑے ماہرین سمیت ہیلتھ سیکریٹری ریٹائرڈ کیپٹن سعید حصہ لیں گے، ان کی نگرانی میں رپورٹ بھی بنائی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں وزیراعظم بھی شامل ہوں گے تاہم آبادی پر قابو پانے کے لیے بھرپور طریقے سے جدو جہد کریں گے ۔