ڈانس کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد اسما عزیز نے نیا انکشاف کر دیا

 

لاہور کے علاقہ ڈیفنس میں شوہر کے تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون اسماء عزیز کی گذشتہ روز سے ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں اسما کو ڈانس کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس ویڈیو سے متعلق بات کرتے ہوئے اسما عزیز نے کہا کہ میری وہ ویڈیو ماضی کا حصہ ہے جس کی سزا میں چار سال تک بھگتتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ میں عوام سے یہی کہوں گی کہ اگر میں نے ماضی میں کوئی غلطی کی بھی ہے تو مجھے چار سال ہو گئے ہیں کہ میں اس غلطی کی سزا بھگت رہی ہوں۔

میں چاہتی ہوں کہ اب باقی لوگ اس سے بچ جائیں۔ دوران گفتگو اسما نے انکشاف کیا کہ چوبیس تاریخ کو یہ واقعہ ہوا لیکن تشدد کے بعد ابھی تک میرا میڈیکل ہی نہیں کیا گیا۔ میرے زخم ٹھیک ہوتے جا رہے ہیں، کل پھر میرے پاس تشدد کا کوئی ثبوت نہیں ہو گا۔

اسما عزیز نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے پیسہ کھایا ہوا ہے۔ پولیس میرا کوئی ساتھ نہیں دے رہی۔

پولیس والے چاہتے ہی نہیں ہیں کہ یہ معاملہ حل ہو۔ میری ریکوری ہو رہی ہے۔ میرے جسم پر جتنے بھی نشانات موجود تھے وہ سب چلے گئے ہیں۔میرے زخم ٹھیک ہو گئے ، میری آنکھ کے اندر جو خون تھا وہ بھی چلا گیا۔ میں آہستہ آہستہ ٹھیک ہو رہی ہوں۔ تمام ثبوت مٹتے جا رہے ہیں کہ ا±س نے مجھ پر تشدد کیا ہے۔اسما عزیز نے اعلیٰ حکام اور اعلیٰ افسران سے اپیل کی کہ انہیں اس تشدد کے بدلے انصاف کی فراہمی کی جائے۔

دوسری جانب اسما عزیز کے شوہر فیصل سے متعلق ایک نئی کہانی سامنے آئی۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ خاتون کا شوہر ڈاکو ہے اور اس کے خلاف مخلتف تھانوں میں 8 ایف آئی آر کے اندراج کا ریکارڈ موجودہے۔ ملزم کے خلاف ستو کتلہ تھانہ اور جوہر ٹاو¿ن تھانے میں کاریں چھیننے کے مقدمات درج ہیں،جب کہ تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں شہری پر تشدد کرنے کی ایف آئی آر درج ہے، ڈیفنس ایریا تھانے میں پستول سے تشدد کرنے اور گاڑیاں چھیننے کی ایف آئی آر درج اور اب تھانہ کاہنہ میں بیوی پر تشدد کرنے کی ایف آئی آر درج ہے۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق فیصل نامی نوجوان عادی مجرم ہے اسے ہر ایف آئی آر کے بعد گرفتار تو کیا گیا تاہم پھر اسے ہمارے پولیس سسٹم نے بچا لیا۔ واضح رہے کہ میڈیا میں لاہور کے پوش علاقہ ڈیفنس میں شوہر کے دوستوں کے سامنے ڈانس کرنے سے انکار کرنے پر تشدد کا نشانہ بننے والی اسما عزیز اور اس کے خاوند فیصل کا معاملہ زیر بحث ہے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس کیس کو کافی توجہ حاصل ہو رہی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسما کا شوہر فیصل اور اس کا دوست پولیس کی حراست میں ہیں۔