پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب میں جہاں دیگر فنکاروں کی جاندار پرفارمنسز نے کرکٹ شائقین کو محظوظ کیا وہیں وی جے اور ہوسٹ احمد گوڈیل کی میزبانی کو لے کر سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے دلچسپ ردعمل کا آغاز بھی ہوا۔

صارفین احمد گوڈیل کی میزبانی کے اسٹائل پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کرتے رہے۔ ایک صارف نے نا پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ آخر یہ بندہ کون ہے اورآخراس نے رات میں سن گلاسز کیوں پہنے ہوئے ہے؟


ایک اور صارف نے مزاحیہ انداز میں ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ یہ پرفارمنس پی ایس ایل فائیو کی جانب سے (مداحوں کے لیے) پہلی مایوسی ہے۔

سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد وی جے اور ہوسٹ احمد گوڈیل بھی میدان میں آئے اور تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ” وہ سب لوگ جو مجھے اتنی بڑی تقریب کی میزبانی کرتے دیکھ کر ہضم نہیں کر پارہے اور مجھے ٹرول کررہے ہیںمیں انہیں بھی سراہتا ہوں، آپ کے پیار ، نفرت ، عزت، بے عزتی اور سپورٹ کا بے حد شکریہ اور آخر میں یہ کہوں گا کہ محنت کر ، حسد نہ کر ”