سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ سعودی وزیرخارجہ سے ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے، پاکستان کے حج کوٹے میں اضافہ کردیا گیا ہے، اب 2 لاکھ پاکستانی حج اداکریں گے، اس سے پہلے پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 84 ہزار تھا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے اس زبردست اقدام پر حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے سعودی حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

عازمین حج کے پاسپورٹ سعودی سفارتخانے بھجوانے کی پابندی ختم

دوسری جانب پاکستانی عازمین حج کو امیگریشن کے عمل میں بھی سہولت مل گئی اور پاکستان کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے ساتھ ساتھ ای ویزہ کی سہولت والے ممالک میں شامل کرلیا گیا ہے جس کے بعد اب عازمین حج کے پاسپورٹ سعودی سفارتخانے بھجوانے کی پابندی ختم ہوچکی ہے اور اب عازمین حج کو ان کا حج ویزہ ان کے گھر پہنچایا جائے گا۔

اس حوالے سے وفاقی وزیرمذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں، پاکستانی عازمین حج سعودی ایئرپورٹس پر انتظار کی کوفت سے بچ جائیں گے اورعازمین کو امیگریشن کے عمل میں ناقابل یقین حد تک سہولت ملے گی ، کراچی کےعازمین حج کی امیگریشن کراچی میں ہی ہو جائے گی، جب کہ لاہور اور اسلام آباد میں بھی امیگریشن سہولت کی کوشش کی جا رہی ہے۔