وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس جاری

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت کابینہ کا خصوصی اجلاس جاری ہے، اجلاس میں وزیر اعظم فرداً فرداً ہر وزیر کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے، کارکردگی تسلی بخش نہ ہونے پر وزرا کے قلمدان تبدیل ہوسکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔ اجلاس کا آغاز ساڑھے دس بجے وزیر اعظم آفس اسلام آباد میں ہوا جو رات 9 بجے تک جاری رہے گا۔

وزیر اعظم نے خصوصی کابینہ اجلاس کے لیے دیگر مصروفیات منسوخ کردی ہیں اور اپنا سارا دن وقف کردیا ہے۔

اجلاس میں وزارتوں اور ڈویژنز کو کارکردگی بتانے کا موقع دیا جائے گا اور وزیر اعظم فرداً فرداً ہر وزیر کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ ہر وزیر کے پاس بریفنگ کے لیے 10 منٹ کا وقت ہوگا جبکہ بریفنگ کے بعد وزرا سے 5 منٹ سوالات اور جوابات کے ہوں گے۔

بریفنگ کے بعد ہر وزیر اپنی وزارت کے متعلقہ سیکریٹری کے ہمراہ وزیر اعظم سے ملاقات بھی کرے گا جو 10 سے 15 منٹ پر مشتمل ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزرا کو 100 روزہ کارکردگی کی رپورٹس ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کارکردگی تسلی بخش نہ ہونے پر وزرا کے قلمدان تبدیل ہوسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے ٹی وی انٹرویو میں‌ کہا تھا کہ تمام وزرا کی 100 دن کی کارکردگی کا جائزہ آئندہ ہفتے لوں گا، وزرا کی کارکردگی دیکھ رہا ہوں ہوسکتا ہے کئی وزیر تبدیل کرنے پڑیں۔

اس سے قبل مختلف وزارتوں اورڈویژن کی کارکردگی رپورٹ 27 نومبر کو جمع کی گئی تھی۔ کارکردگی میں وفاقی وزیر مراد سعید اور شیخ رشید میں سخت مقابلہ ہے۔ دونوں وفاقی وزرا نے 100 روزہ اہداف بر وقت مکمل کر لیے ہیں۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے وزارت میں 2 ارب جبکہ وزیر مواصلات مراد سعید نے 3 ارب سے زائد کی آمدن کا ریکارڈ بنایا ہے۔