وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نوازشریف بطور مجرم باہر جا سکتے ہیں تو ملزم آصف زرداری کو بھی حق ہے، بلاول بھٹو ضرور آئے، اس کے راستے میں پلکیں بچھائیں گے۔ آرمی چیف کی مدت میں توسیع کیلئے سادہ اکثریت چاہیئے جو موجود ہے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت نے خسارہ کم کیا ہے، عالمی ادارے موڈیز نے پاکستانی معیشیت سے متعلق اچھی رپورٹ دی۔ آئی ایم ایف کے صدر نے کہا کہ پاکستان درست سمت کی جانب گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوکل سیاست کی وجہ سے مسئلہ کشمیر پیچھے چلا گیا، کشمیرہماری شہ رگ سے زیادہ قریب ہے، کشمیر میں کرفیو پر 100 سے زائد دن ہو چکے، ہمیں کشمیر پر فوکس کرنا چاہئے۔

مولانا فضل الرحمان سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ وہ 4 سال بعد کے دسمبر کی بات کررہے ہیں، انہوں نےسال نہیں بتایا۔ آرمی چیف کی مدت میں توسیع کیلئے سادہ اکثریت چاہیئے جو موجود ہے۔ اس کے باوجود اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔