وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کے بانی رہنما نعیم الحق کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے سب سے پرانے دوست کے انتقال پر صدمہ پہنچا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نعیم الحق پی ٹی آئی کے دس بانی ممبران میں شامل تھے، وہ اب تک پی ٹی آئی کے سب سے وفادار ساتھی تھے، تیئیس سال کی جدوجہد میں نعیم الحق ہمیشہ میرے ساتھ کھڑے رہے، جب بھی پارٹی پر مشکل وقت آیا انہوں نے ساتھ دیا۔

عمران خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے دو برسوں میں نعیم الحق کو کینسر سے بہادری سے لڑتے دیکھا، وہ آخر وقت تک پارٹی معاملات میں مشورہ دیتے رہے، جب تک ہوسکا انہوں نے کابینہ اجلاسوں میں شرکت کی، ان کے انتقال سے نہ پر ہونے والا خلا پیدا ہوگیا۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما نعیم الحق70برس کی عمر میں انتقال کرگئے، وہ 11جولائی1949کو کراچی میں پیدا ہوئے، نعیم الحق پیشے کے اعتبار سے بینکر اور کاروباری شخصیت تھے، وہ پی ٹی آئی کے بانی ارکین میں شمار کیے جاتے تھے، انہوں نے 1996میں عمران خان کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھی۔

نعیم الحق کی نماز جنازہ کل بعدنمازعصرمسجدعائشہ خیابان اتحاد کراچی میں اداکی جائے گی۔