پاکستان سپر لیگ میں ابتدائی تینوں میچز ہارنے والی لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کولم نے شائقین کو ہمت نہ ہارنے کا مشورہ دہتے ہوئے ایونٹ میں شاندار انداز سے واپسی کا عزم ظاہر کیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی دو ایڈیشنز کی طرح لاہور قلندرز کیلئے تیسرے ایڈیشن کا آغاز بھی کچھ مختلف نہ رہا اور وہ اب تک اپنے تینوں میچز ہار کر پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے موجود ہیں۔

تاہم شکستوں کے باوجود برینڈن میک کولم بہترین کارکردگی اور ایونٹ میں واپسی کیلئے پرعزم ہیں اور انہوں نے لاہور قلندرز کے شائقین کو جیت کا یقین دلاتے ہوئے حوصلہ نہ ہارنے کا پیغام دیا ہے۔


ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں برینڈن میک کولم نے کہا کہ بلاشبہ ہم نے پاکستان سپر لیگ میں اچھا آغاز نہیں کیا تاہم فینز کو یقین دلاتے ہیں کہ ٹورنامنٹ میں زبردست کم بیک کریں گے۔

انھوں نے ابتدائی میچز میں سپورٹ پر فینز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اب ہماری نظریں اگلے موقع سے فائدہ اٹھانے پر جمی ہوئی ہیں۔ لاہور قلندرز ایونٹ میں اپنا چوتھا میچ کل پہلے ایڈیشن کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلے گی۔