چپل پر برانڈ کا لوگوں بھی نمایاں ہے-

فرانس کے مشہور برانڈ نے ’عمران سینڈل‘ کے نام سے پشاوری چپل متعارف کروادی۔

پاکستان کی روایتی چپل کی بات کی جائے تو سب سے پہلے ’پشاوری چپل‘ کا نام ذہن میں آتا ہے جسے پاکستان سمیت دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے کیوں کہ یہ آرام دہ ہونے کے ساتھ ساتھ پائیدار بھی ہے جب کہ پشاوری چپل نے پہلی بار دنیا کی توجہ اس وقت حاصل کی جب برطانوی فیشن ڈیزائنر سرپال اسمتھ نے 2014 میں اس چپل کو ’رابرٹ‘ کے نام سے متعارف کروایا تھا لیکن اس بار فرانسیسی ڈیزائنر نے پشاوری چپل کو مختلف انداز میں متعارف کروایا ہے۔

فرانسیسی شہرت یافتہ فیشن ڈیزائنر ’برانڈ کرسچن لوبوٹن‘ کی جانب سے متعارف کردہ پشاوری چپل کو ’عمران سینڈل‘ کا نام دیا گیا ہے یہ سینڈل پاکستانی آرٹسٹ عمران قریشی سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے جب کہ نامور ڈیزائنر نے یہ فیصلہ دنیا بھر میں پشاوری چپل کی طلب میں اضافے کے باعث کیا۔

تاہم فرانسیسی ڈیزائنر کی جانب سے متعارف کردہ ’عمران سینڈل‘ عام پشاوری چپل سے تھوڑی مختلف ہے، اس سینڈل کا تلوا براؤن ، اوپری حصہ لال، سفید اور سلور کلر پر مشتمل ہے جب کہ اوپری حصے پر نوکیلے چمکتے ہوئے اسٹڈ بھی لگائے گئے ہیں اور ساتھ ہی برانڈ کا لوگو بھی دکھائی دے رہا ہے۔