قادر خان کی تدفین میں‌ بالی ووڈ شخصیات کی عدم شرکت

ٹورنٹو: کینیڈا میں انتقال کرنے والے اداکار قادر خان کے نمازِ جنازہ میں بالی ووڈ کی کسی بھی شخصیت نے شرکت نہیں کی۔

تفصیلات کے مطابق لیجنڈری اداکار قادر خان کا نماز جنازہ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کی مسجد میں بدھ کے روز ادا کیا گیا جس میں اُن کے مداحوں اور عزیزواقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر مرحوم کے صاحبزادے سرفراز خان نے نماز جنازہ میں شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’میرے والد نے ہمیشہ دوسروں کا احترام اور عزت کرنے کا درس دیا، قادر خان اپنے مداحوں سے بہت زیادہ پیار کرتے تھے‘۔ اداکار کی تدفین ٹورنٹو شہر میں واقع قبرستان میں کی گئی۔

نماز جنازہ میں کسی بھی شوبز شخصیت کی عدم شرکت پر سرفراز کا کہنا تھا کہ ’میرے والد نے بالی ووڈ انڈسٹری کے لیے بہت کام کیا، وہ اپنے ساتھی فنکاروں اور انڈسٹری سے مخلص تھے‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’تمام اداکاروں نے والد کی خدمات کو بھلا دیا، شاید اس لیے کسی نے شرکت کی زحمت نہ کی، مگر ابو کہتے تھے کہ ہمیں کسی سے اپنے لیے کوئی امید نہیں رکھنی چاہیے اور سب کچھ خود ہی کرنا چاہیے‘۔

یاد رہے کہ قادر خان افغانستان کے شہر کابل میں پیدا ہوئے، انہوں نے بالی ووڈ انڈسٹری کے لیے بہت زیادہ کام کیا اور کئی فلموں کے ڈائیلاگز بھی لکھے، اداکار کو دسمبر کی 31 تاریخ کو طبیعت ناسازی کے بعد ٹورنٹو اسپتال لایا گیا تھا جہاں ڈاکٹر نے انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور یکم جنوری 2019 کو انتقال کرگئے۔

یہ بھی یاد رہے کہ اداکار نے بالی ووڈ انڈسٹری کو 47 سال دیے، آپ نے 300 سے زائد فلموں میں کام کیا اور 250 فلموں کے لیے ڈائیلاگز تحریر کیے جو بہت مشہور ہوئے۔