نواز شریف نے دھمکی دی ہے مریم نہ آئی تو میں پاکستان چلا جاؤں گا- رانا عظیم

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے رانا عظیم نے کہا کہ نوازشریف کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ مریم نواز جنوری فروری میں آپکے پیچھے آجائے گی۔ اب مریم نواز کے جانے میں رکاوٹ یہ ہے کہ عدالت جانے کی اجازت دیگی تو مریم نواز باہر جاسکے گی۔

نوازشریف سمجھتے ہیں کہ شہبازشریف نے غلط بیانی کی ہے۔ چھوٹا بھائی تسلیاں دے رہا ہے اور بڑا بھائی ان تسلیوں کو ماننے کو تیار نہیں ہے۔ایک وقت ایسا آیا ہے کہ پھر بڑے میاں نے کہا کہ میں واپس جارہا ہوں۔میں واپس جاؤں گا پھر دیکھتا ہوں کہ مجھے کون روکتا ہے، میں واپس جاکر سیاست بھی کروں گا۔ بڑے بھائی کے واپس جانے سے سب سے زیادہ نقصان چھوٹے بھائی کو ہوتا ہے۔

اگر آپ حقیقت دیکھیں تو مسلم لیگ ن نام ہی مریم نواز اور نوازشریف کا ہے۔ آج ن لیگ اگر احتجاجی سیاست نہیں کررہی، کہیں احتجاج نظر نہیں آرہا تو اسکا مطلب ہے کہ سر کا سائیں سر پر نہیں ہے۔ مسلم لیگ ن کی سیاست نوازشریف اور مریم نواز کے گرد ہی گھومتی ہے اسکے علاوہ اگر آپ کہیں کہ مسلم لیگ ن کی سیاست کسی اور کے گرد گھومے تو ایسا نہیں ہے۔

مریم نواز کو باہر بھیجنے کے معاملے پر تحریک انصاف کے اندر دو دھڑے اسلئے بن گئے ہیں کہ کیونکہ اس وقت مہنگائی بہت ہے، مسائل بہت ہیں، اگر کوئی مخالف ہمارے خلاف کھڑا ہوگیا تو ہمارے لئے بہت مسائل پیدا ہوجائیں گے۔

رانا عظیم نے مزید کہا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کیلئے حالات اچھے ہوگئے ہیں، ساری جماعتیں مل گئی ہیں، میں آپکو کہتا ہوں کہ پنجاب میں بجٹ منظور بھی ہوگا اور بجٹ پہلے سے بہتر آئے گا اور بجٹ کے دوران مسلم لیگ ن کے بہت سے ارکان اسمبلی غیر حاضر ہوں گے۔