وزیرِ اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ لودھراں کے ضمنی انتخاب میں اللہ نے فرشتہ صفت انسان جس نے کبھی ہیلی کاپٹر میں سفر نہیں کیا، اسے چن کر کامیابی سے ہمکنار کیا اور علی ترین کی شکست بد ترین شکست بن گئی۔

بورے والا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔

سربراہ تحریک انصاف عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 2013 کی انتخابی مہم کے دوران وعدہ کیا تھا کہ ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم کریں گے لیکن اپنے ساڑھے چار سالہ دورِ حکومت میں انہوں نے صرف 74 میگا واٹ بجلی پیدا کر پائے ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک اور پی ٹی آئی کی جانب سے اگست 2014 میں دیئے جانے والے جلسے کے حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کے دھرنے کی وجہ سے چین کے صدر نے دورہ پاکستان مؤخر کردیا تھا جس میں وہ پاکستان کے ساتھ توانائی شعبوں میں معاہدے کرتے۔

انہوں نے کہا کہ چینی صدر کے دورہ پاکستان میں تاخیر کی وجہ سے ملک میں بجلی کے منصوبے بھی تاخیر سے شکار ہوئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ خان صاحب اور زرداری صاحب کی جن صوبوں میں حکومت ہے انہوں نے وہاں کچھ نہیں کیا، آج کراچی میں کچرے کے ڈھیر جمع ہیں، کوئی دیکھنے والا نہیں۔

شہبازشریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر 2018 کے انتخابات کے بعد بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوئی تو کراچی اور پشاور کو بھی لاہور جیسا شہر بنا دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے میٹرو بس کے نام پر پشاور شہر کو اکھاڑ دیا، نیازی صاحب کو مشورہ دیتا ہوں کہ قوم پر رحم کریں اور گھر چلے جائیں، سیاست آپ کے بس کی بات نہیں ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اگر 2018 کے اتنخابات ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ (ن) کامیاب ہوگئی تو یہ پانچ سال بعد بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کی پوزیشن میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کردے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں عوام جھوٹ کی سیاست کو مسترد کردیں گے جبکہ زرداریوں اور جھوٹے کھلاڑیوں کو شکست فاش ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جب میں یہاں 2013 کی انتخابی مہم کے دوران نواز شریف کے ساتھ آیا تھا، اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے حوالے سے جو وعدے کیے تھے وہ پورے کر دیے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئندہ موسم گرما میں آپ کے گھر ٹھنڈے ہوں گے کیونکہ آپ کو بجلی کی فراہم جاری ہے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبے کے تحت توانائی کے منصوبے لگائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں ان کی مثال پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں نہیں ملتی۔