رواں برس حج کے لیے 3 لاکھ 74 ہزار 829 درخواستیں موصول ہوئیں، فوٹو: فائل

اسلام آباد: سرکاری کوٹے کے تحت فریضہ حج کے لئے جانے والے عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعے اعلان کردیا گیا۔ 

 

سرکاری کوٹے کے تحت حج پرجانے والے عازمین کی قرعہ اندازی اسلام آباد میں وزارت مذہبی امور کے کمیٹی روم میں ہوئی، تقریب کی صدارت وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر محمد امین الحسنات شاہ نے کی۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں برس سرکاری اسکیم کے تحت فریضہ حج کی ادائیگی کے لیئے ایک لاکھ 20 ہزار افراد حجاز مقدس روانہ ہوں گے، اس سلسلے میں ملک بھر میں 13 بینکوں کے ذریعے حج درخواستیں وصول کی گئیں۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے اعلان کردہ شیڈول کے دوران 3 لاکھ 74 ہزار 829 درخواستیں موصول ہوئیں۔ سرکاری حج اسکیم کے تحت کراچی سے 81 ہزار، لاہور سے 72 ہزاراور اسلام آباد سے 67ہزار حج درخواستیں موصول ہوئیں، اس کے علاوہ پشاور، ملتان، کوئٹہ ، فیصل آباد اور سیالکوٹ سے بھی ریکارڈ درخواستیں موصول ہوئیں تھیں۔ بینکوں کو ایک کھرب 10 ارب 19 کروڑ سے زائد رقم موصول ہوئیں۔ قرعہ اندازی کے ذریعے جن لوگوں کی درخواستیں مسترد ہوں گی انہیں متعلقہ بینکوں سے ہی رقم واپس مل جائے گی۔

واضح رہے کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی کے بعد 26 جنوری کو قرعہ اندازی کا اعلان کیا گیا تھا تاہم بعد میں قرعہ اندازی ملتوی کردی گئی تھی۔