پاکستان کے حامی ترک ہیکرز نے بولی وڈ اداکار ابھیشک بچن کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی ہیک کرکے پاکستان کے جھنڈے کی تصاویر جاری کردی۔

خیال رہے کہ 2 دن قبل بھی اسی ہیکر گروپ نے بولی وڈ کے مقبول اداکار انوپم کھیر کا بھی اکاؤنٹ ہیک کیا تھا۔

انوپم کھیر کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کرنے والے ہیکرز نے خود کو ترکش سائبر ہیکر قرار دیا تھا، ساتھ ہی ہیکرز نے ان کے ٹوئٹر ہینڈل سے ’ آئی لو پاکستان‘ کا پیغام جاری کرکے پاکستان اور ترکی کے جھنڈے بھی شائع کردیے۔

اب اسی گروپ نے ابھیشک بچن کا بھی ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کرلیا، تاہم جلد ہی اداکار کے اکاؤنٹ کو بحال کرادیا گیا۔

دکن کیرونیکل کے مطابق ابھیشک بچن کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی ترکش سائبر آرمی ایلدیز ٹم گروپ نے ہیک کیا۔


خبر میں دعویٰ کیا گیا کہ ہیکرز کا گروپ پاکستان کا حامی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انوپم کھیرکے ٹوئٹر سے پاکستان سے پیار کا پیغام جاری

ہیکرز نے اداکار کے ٹوئٹر ہینڈل سے کی جانے والی ایک ٹوئیٹ کے ذریعے پاکستان اور ترکی کے قومی جھنڈے شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے اداکار کا ڈیٹا بھی ہیک کرلیا.

ابھیشک بچن نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہوجانے کی تصدیق کی، تاہم بعد ازاں انہوں نے ٹوئٹر انڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کے اکاؤنٹ کو بحال کرانے میں کردار ادا کیا۔

ابھیشک بچن کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ان کی سالگرہ کے 3 دن بعد ہیک کیا گیا، انہوں نے 5 فروری کو اپنی 41 ویں سالگرہ منائی۔

انہیں سالگرہ پر بولی وڈ شخصیات سمیت درجنوں مداحوں نے ٹوئٹر پر مبارکباد دی تھی۔