جودھ پور(صباح نیوز+ اے ایف پی) سابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن بھارتی دورے کے دوران باتھ ٹب میں گر کر زخمی ہو گئیں۔ سابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن ان دنوں اپنی کتاب کی تشہیر کے سلسلے میں بھارت کے دورے پر ہیں لیکن انہیں بھارت کا یہ دورہ بہت مہنگا پڑا ہے۔ ہلیری کلنٹن بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھ پور کے فائیو سٹار ہوٹل میں قیام پذیر ہیں جہاں وہ باتھ ٹب میں گرنے کے باعث خود کو زخمی کروا بیٹھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلیری کلنٹن کو صبح تقریبا 5بجے جودھ پور کے سٹی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا ایکسرے اور سی ٹی سکین کیا گیا جس میں اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ باتھ ٹب میں گرنے کے باعث ہلیری کلنٹن کے سیدھے ہاتھ کی کلائی شدید متاثر ہوئی ہے اور اس میں فریکچر ہوگیا ہے۔ ہلیری کلنٹن کے ہاتھ پر پلاسٹر چڑھادیا گیا ہے اور انہیں اگلے تین روز تک مستقل چیک اپ کی ہدایت کی گئی ہے تاہم ہلیری کی صحت ان کے دورہ بھارت پر اثر انداز نہیں ہوگی اور وہ اپنا دورہ جاری رکھیں گی۔
ہلیری کلنٹن