وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ پاکستانی افرادی قوت صلاحیتوں کے لحاظ سے کسی سے کم نہیں ہے،حکومت ہنرمند افرادی قوت برآمد کرنے کی پالیسی کو حتمی شکل دے رہی ہے،عالمی ضروریات کی مناسبت سے اپنی لیبر کو تربیت دینے پر کام کر رہے ہیں،پرائیوٹ سیکٹر کے تعاون سے لیبر کو جدید سہولتوں کیساتھ پیشہ ورانہ تربیت دی جائیگی،ہمیں مشترکہ پالیسی بنا کر اپنے ورکرز کو بیرون ملکوں میں قانونی تحفظ دینا ہوگا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری نے ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں پینل بحث میں شرکت کی جس میں مستقبل کے روزگار کے مواقعوں پر بحث کی گئی اور ہنرمند افرادی قوت کی عالمی مارکیٹ میں مانگ اور وقت کیساتھ بدلتی ٹیکنالوجی زیر غور آئی۔
ذوالفقار بخاری نے آئی ایل او اور دوسرے عالمی وفود کے سامنے پاکستانی لیبر کا مقدمہ لڑتے ہوئے کہاکہ پاکستانی افرادی قوت صلاحیتوں کے لحاظ سے کسی سے کم نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان ہنرمند افرادی قوت برآمد کرنے کی پالیسی کو حتمی شکل دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ضروریات کی مناسبت سے اپنی لیبر کو تربیت دینے پر کام کر رہے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پرائیوٹ سیکٹر کے تعاون سے لیبر کو جدید سہولتوں کے ساتھ پیشہ ورانہ تربیت دی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مشترکہ پالیسی بنا کر اپنے ورکرز کو بیرون ملکوں میں قانونی تحفظ دینا ہوگا۔