وزیراعظم عمران خان کے غربت مٹائو پراگرام کے مطابق مرغبانی کے یونٹس کی تقسیم کی شروعات کر دی گئی ہے ۔ لائیو سٹاک حکام کا کہنا ہے کہ بروز سوموار کو لاہور میں مرغبانی کے تقریبا!300یونٹس تقسیم کیے جائیں گے جس کے تحت 300گھرانوں کا فائدہ ہو گا ۔ حکام کا مزید کہنا تھا کہ مرغبانی کے ایک یونٹ میں 5مرغیاں اور ایک مرغا شامل ہے

جسے 1200روپے کے رعایتی نرخ کے تحت فراہم کیا جائے گا ۔ یونٹ میں گولڈن اور مصری نسل کی دیسی مرغیا ں بھی شامل ہیں جو دو سے تین ہفتوں کے دوران انڈے دینے لگ جائیں گی۔قبل ازیں وزیراعظم عمران نے مرغیوں اورغربت کی بات کا مذاق بنانے والوں کو آئینہ دکھادیا، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کوئی دیسی مرغیوں اور غربت کے خاتمے کی بات کرے تو مذاق اڑاتے ہیں لیکن کوئی ولایتی یہی بات کرے توشاندار کہتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق مرغی اورغربت میں کمی کے بیان پر تنقید کرنے والوں کو وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب کوئی دیسی مرغیوں اور غربت کی بات کرے تو سامراجی ذہینت مذاق اڑاتی ہے لیکن کوئی ولایتی یہی بات کرے توشاندارہوجاتی ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے حکومت کی 100روزہ تقریب کے موقعے پر خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خواتین میں مرغیاں تقسیم کریں جس کےتحت غربت کو ختم کرنے میں مدد ملے گی ۔