— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

2019 کے اختتام کے ساتھ فیس بک کی زیرملکیت میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ کی جانب سے ونڈوز فونز کے لیے سپورٹ ختم کی جارہی ہے۔

31 دسمبر 2019 یعنی منگل کے بعد ونڈوز آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے والے تمام فونز پر واٹس ایپ کام نہیں کرے گی اور دوستوں اور گھروالوں سے چیٹ ناممکن ہوجائے گی۔

تو ایسے افراد کو ونڈوز فونز کی جگہ اینڈرائیڈ 4.0.3 یا اس کے بعد کے آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے، آئی فون آئی او ایس 9 یا اس سے کے بعد کے ورژن، کائی او ایس 2.5.1 وغیرہ پر کام کرنے والے فونز لینا ہوں گے۔

واٹس ایپ نے کئی ماہ پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ 31 دسمبر 2019 کو تمام ونڈوز آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے فونز کو سپورٹ ختم کردی جائے گی۔

واٹس ایپ سپورٹ کیوں ختم کی جارہی ہے؟

واٹس ایپ کے مطابق ونڈوز فونز میں اب وہ اہلیت نہیں رہی جو مستقبل میں اس ایپ میں متعارف کرائے جانے والے فیچرز کے لیے ضروری ہوگی۔

ویسے واتس ایپ کی جانب سے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کی سپورٹ ختم کرنے کا فیصلہ اس کے ڈیڑھ ارب سے زائد میں سے بمشکل چند کروڑ افراد کو ہی متاثر کرسکے گا کیونکہ بیشتر افراد اب اینڈرائیڈ یا آئی فون استعمال کررہے ہیں۔

درحقیقت رواں سال مائیکروسافٹ نے ونڈوز 10 موبائل کی سپورٹ باضابطہ طور پر ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے صارفین پر اینڈرائیڈ اور آئی فونز استعمال کرنے پر زور دیا تھا۔

مائیکرو سافٹ کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی آگے بڑھ رہی ہے اور ہم اپنے صارفین سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اینڈرائیڈ یا آئی او ایس ڈیوائسز کا استعمال شروع کردیں۔

ونڈوز فونز سے پہلے واٹس ایپ بلیک بیری آپریٹنگ سسٹم، بلیک بیری 10، نوکیا ایس 40، نوکیا سامبا ایس 60، اینڈرائیڈ 2.1، اینڈرائیڈ 2.2، ونڈوز فون 7، آئی فون تھری جی/آئی او ایس سکس کے لیے سپورٹ ختم کرچکی ہے۔

پرانے اینڈرائیڈ اور آئی فونز سپورٹ بھی ختم کی جارہی ہے

واٹس ایپ کے ایف اے کیو پیج کے مطابق یکم فروری 2020 سے ان تمام آئی فونز کے لیے سپورٹ ختم کردیے جائے گی جو آئی او ایس 8 آپریٹنگ سسٹم پر چل رہے ہوں گے جو کہ 2014 میں متعارف کرایا گیا تھا، تاہم اگر صارفین آئی او ایس کے نئے ورڑن کو اپ ڈیٹ کرلیں تو وہ واٹس ایپ استعمال کرسکیں گے۔

اس سے پہلے یہ کمپنی اعلان کرچکی ہے کہ یکم فروری 2020 سے اینڈرائیڈ 2.3.7 یا اس سے پہلے کے آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے اسمارٹ فونز کے لیے بھی واٹس ایپ سپورٹ ختم کردی جائے گی۔

ڈان نیوز