بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار اور فلم اینڈ ٹیلی وژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی) کے سربراہ انوپم کھیر کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کرکے اس سے پاکستان سے پیار کا پیغام جاری کردیا گیا۔

اگرچہ اب انوپم کھیر کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بحال ہوچکا ہے، تاہم کافی دیر تک ان کا اکاؤنٹ ہیک رہا۔

ڈی این اے انڈیا کے مطابق انوپم کھیر کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کرنے والے ہیکرز نے خود کو ترکش سائبر ہیکر قرار دیا۔

ہیکرز نے اداکار کا ٹوئٹر اکاؤنٹ کو ہیک کرکے اس پر پیغام جاری کیا کہ اس اکاؤنٹ کو ترکش سائبر آرمی ایلدیز ٹم نے ہیک کیا ہے۔

ہیکرز نے ساتھ ہی بتایا کہ انہوں نے اداکار کا اہم ڈیٹا بھی ہیک کرلیا۔

ساتھ ہی ہیکرز نے ان کے ٹوئٹر ہینڈل سے ’ آئی لو پاکستان‘ کا پیغام جاری کرکے پاکستان اور ترکی کے جھنڈے بھی شائع کردیے۔

ان کے اکاؤنٹ سے ایک اور کی گئی ٹوئیٹ میں ترکی کے جھنڈے کے ساتھ ترک فوجی کو بھی دکھایا گیا، ساتھ ہی لکھا گیا کہ وہ ترکی کو سپورٹ کرتے ہیں۔


اسی ٹوئیٹ میں ترک فوج کی جانب سے شام میں جاری آپریشن آفرین کو بھی سپورٹ کیا گیا۔

تاہم اب انوپم کھیر کا اکاؤنٹ بحال ہوچکا ہے، اور انہوں نے امریکی شہر لاس اینجلس میں دوستوں اور اداکاروں کے ساتھ گزارے گئے لمحات کی تصاویر ٹوئیٹ کیں۔

واضح رہے کہ انوپم کھیر نے اپنے اکاؤنٹ ہیک کیے جانے سے متعلق کوئی بھی ٹوئیٹ نہیں کی۔